ہاویری 14 مارچ (ایس او نیوز) ہاویری کے رٹّی ہلّی میں منگل کو حالات اُس وقت کشیدہ ہوگئے جب ریلی نکالنے کے دوران مسلم علاقوں سے گذرتے ہوئے مبینہ طور پر بجرنگ دل اور سنگھ پریوار کے کارکنوں نے مسجد اور بعض اُردو اسکولوں سمیت کئی گھروں پر پتھراو کیا ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مسلمانوں کی دکانوں اور سواریوں پر بھی پتھراو کیا گیا ہے ، پتھراوں سے مسجد کی کھڑکیوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں وہیں سواریوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ، جبکہ پتھراو سے کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔
وائرل وڈیو میں اسکولوں میں پتھراو کے بعد بچے روتے روتے گھر کی طرف جاتے دیکھے گئے۔بعض وڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ پولس کے حفاظتی انتظامات کے ساتھ ریلی نکالی گئی تھی اور پولس کی موجودگی میں ہی لوگ پتھراو بھی کررہے تھے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ایک مسلم آٹو ڈرائیور کو سنگھ پریوار کے کارکنوں نے زدوکوب بھی کیا ہے جبکہ سنگھ پریوار کے غنڈوں نے مسلم نوجوانوں سمیت خواتین اور بچوں پر بھی حملہ کیا ہے ۔
واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے، بعد میں مسلم علاقوں اور مساجد میں پولس کے انتظامات سخت کردئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ریاست کرناٹک میں آئندہ دو ماہ کے اندر اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔